ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / یشونت پور۔منگلورو نئی ٹرین : سفر کے دنوں میں تبدیلی سے مسافر ناخوش

یشونت پور۔منگلورو نئی ٹرین : سفر کے دنوں میں تبدیلی سے مسافر ناخوش

Tue, 19 Feb 2019 20:13:06    S.O. News Service

منگلورو19؍فروری (ایس او نیوز)بنگلورو اور منگلورو کو جوڑنے والی نئی یشونت پور۔منگلورو ٹرین جوکہ رات کے وقت چلنے والی ہے اس کا جو ٹائم ٹیبل پہلے پیش کیا گیا تھا اب اس میں تبدیلی کی گئی ہے ، جس پر مسافروں نے اپنی بے اطمینانی کا اظہار کیا ہے۔

رکن پارلیمان نلین کمار کٹیل21فروری کو صبح 11بجے منگلورو سنٹرل ریلوے اسٹیشن سے اس نئی کو ہری جھنڈی دکھانے والے ہیں۔ نلین کمار کٹیل کی تجویز اور مسلسل کوشش سے ہی محکمہ ریلوے نے فی الحال ہفتے میں تین بار رات کے وقت چلنے والی اس ٹرین کو منظور ی دی ہے۔ اس ٹرین کی وجہ سے بنگلورو میں ملازمت کررہے منگلور و اور آس پاس کے لوگوں کو بہت زیادہ خوشی اس لئے ہوئی تھی کہ پہلے اعلان کیا گیا تھا کہ جمعہ کی شب میں بنگلورو سے ٹرین نکلے گی اور سنیچر صبح منگلورو پہنچ جائے گی۔ اس کی وجہ سے خاص کر سافٹ ویئر اور آئی ٹی کمپنیوں میں ملازمت کرنے والے بہت زیادہ خوش تھے کہ انہیں ویک اینڈ سے پہلے ہی شب میں اپنے گھر کے لئے نکلنے اور دو دن چھٹیاں گھر پر منانے کا موقع ہاتھ آئے گا۔

لیکن اب سدرن ریلوے افسران کا کہنا ہے کہ منگلورو سنٹرل ریلوے اسٹیشن پر سنیچر کے دن صبح میں اس ٹرین کو نکلنے کی سہولت دینا ممکن نہیں ہورہا ہے ۔ اس لئے بنگلورو سے نکلنے والی ٹرین کا دن بدلنا ناگزیر ہوگیا ہے۔اب نئے ٹائم ٹیبل کے مطابق یہ ٹرین یشونت پور سے اتوار، منگل اور جمعرات کو نکلے گی۔اور منگلورو سنٹرل سے سوموار، بدھوار اور جمعہ کے دن چھوٹے گی۔

پرتاپ سنگھ شرماڈپٹی ریلوے منیجر پالکّاڈ ڈیویژن نے بتایا کہ انتظامی مسائل کی وجہ سے ٹرین کی آمد و رفت کے دنوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔ ضرورت پڑی تو مسافروں کو راحت پہنچانے کے لئے آئندہ پھر سے اس کا جائزہ لیا جائے گا اور ممکن ہوتو تبدیلی کرنے کے لئے محکمہ ہمیشہ تیار رہے گا۔
 


Share: